جنوری میں گاڑیوں کی فروخت 81 فیصد بڑھ گئی


کراچی (قدرت روزنامہ)غیر معمولی شرح سود، ناقابل برداشت آٹو فنانسنگ، زیادہ قیمتوں اور سیاسی و معاشی عدم استحکام کے باوجود جنوری میں کاروں، جیپوں، وینز اور پک اپس کی فروخت دسمبر 2023 کی 5 ہزار 816 یونٹس کے مقابلے میں 81 فیصد اضافے کے بعد 10 ہزار 536 یونٹس ہو گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تاہم جنوری 2023 میں 11 ہزار 124 گاڑیوں کے مقابلے میں فروخت کا حجم 5 فیصد کم رہا۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران کاروں، جیپوں، ویننز اور پک اپس کی فروخت 48 فیصد گر کر 49 ہزار 990 یونٹس رہی، یہ تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 95 ہزار 240 یونٹس رہی تھی۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار نے بتایا کہ کاروں کی بڑھتی قیمتیں، مہنگے قرضے اور صارفین کی کم قوت خرید کی وجہ سے گزشتہ 7 مہینوں کے دوران فروخت میں کمی ہوئی۔ آٹو ڈیلرز نے جنوری میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کو نئے سال کی رجسٹریشن سے جوڑا، ٹویوٹا فورچیونر اور ریو گاڑیوں کی فروخت دسمبر 2023 میں 130 یونٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافے کے بعد 619 یونٹس رہی۔
ڈیلرز نے بتایا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ٹویوٹا کی مہنگی گاڑیوں کی طلب 8 فروری کے انتخابات میں سیاسی مہم چلانے یا پھر جنوری میں معمول کے مطابق طلب کی وجہ سے تھی، تاہم ٹویوٹا فورچیونر اور ریو کی فروخت رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری کے درمیان کم ہو کر 2 ہزار 538 یونٹس رہی، یہ تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 8 ہزار 90 یونٹس رہی تھی۔
انڈس موٹرز میں ٹویوٹا کراس ہائبرڈ کی اسمبلنگ شروع کرنے کے بعد ٹویوٹا گاڑیوں بشمول کرولا اور یارس کی مجموعی فروخت جنوری میں بڑے اضافے کے بعد 2 ہزار 143 یونٹس تک پہنچ گئی، یہ تعداد دسمبر میں 554 یونٹس رہی تھی، مالی سال 2024 میں جولائی تا جنوری کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 422 ٹویوٹا گاڑیاں فروخت ہوئیں، جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں یہ حجم 13 ہزار 784 رہا تھا۔
سوزوکی سوئفٹ، ہنڈائی ایلانٹرا اور ہنڈائی سوناٹا کی فروخت مالی سال 2024 کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران بالترتیب 2 ہزار 782، 587 اور 486 یونٹس رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران یہ حجم 7 ہزار 640، ایک ہزار 455 اور 751 یونٹس رہا تھا۔
جنوری میں صارفین نے سوزوکی کلٹس، ویگن آر اور بولان کی خریداری میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا، ان کی فروخت دسمبر 2023 میں بالترتیب 297، 490 اور 326 یونٹس کے مقابلے میں 273، 320 اور 135 یونٹس رہی۔ کلٹس، ویگن آر اور بولان کی فروخت مالی سال 2024 کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران بالترتیب 2 ہزار 181، 2 ہزار 149، ایک ہزار 314 یونٹس رہی، یہ تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 5 ہزار 686، 4ہزار 440 اور 2 ہزار 992 رہا تھا، ویگن آر کی پیداوار نومبر 2023 تا جنوری کے دوران بند رہی تھی۔