ن لیگ کا این اے 119 سے سعد رفیق کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو ن لیگ کا این اے 119 سے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ن لیگ کے مطابق چیف آرگنائزر مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے بعد اب وہ این اے 119 کی نشست چھوڑ دیں گی۔ مریم نواز لاہور سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 159 رکھیں گی۔
مریم نواز کی جیتی ہوئی نشست پر لیگی رہنما سعد رفیق کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ سعد رفیق 8 فروری کے عام انتخابات میں این اے 122 سے آزاد امیدوار لطیف کھوسہ سے ہار گئے تھے۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے مریم نواز کی پی پی 159 سے جیت کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا جبکہ این اے 119 سے جیت کا نوٹیفکیشن دو روز قبل جاری کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ این اے 119 لاہور سے مریم نواز 83855 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی تھی۔ ان کے مدِمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68376 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔