پیپلزپارٹی وزارتوں کے بجائے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ لے گی، خورشید شاہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کی تشکیل کے معاملے پر پیپلزپارٹی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا، پیپلزپارٹی نے وزارتوں کے بجائے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ لینے کا فیصلہ کرلیا۔رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے ’ڈان نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس جو وزارتیں ہوں گی اُن کی کمیٹیاں ہم لیں گے، وزارتوں سے زیادہ پاور فل کمیٹیاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) سے آئینی عہدے بھی لیں گے۔ واضح رہے کہ خورشید شاہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کے بعد گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتوں نے ساتھ چلنے اور مل کر حکومت بنانے کا کا اعلان کردیا۔
تاہم بعدازاں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے اور مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمٰی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔بلاول بھٹو نے بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق چلے گی، پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ْ
نواز شریف کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کو نامزد کیے جانے کے اعلان سے قبل خورشید شاہ نے گزشتہ روز ’ڈان نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو اخلاقاً وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار نہیں بننا چاہیے، نواز شریف کے لاہور سے انتخاب پر کئی سوالیہ نشان ہیں اور یہ تاثر عام ہے کہ انہیں جتوایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات جمہوریت کی روح کے خلاف ہے کہ ہم وزیر اعظم کے عہدے کی مدت کو آپس میں تقسیم کر لیں۔