انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے فیصلہ سنادیا، قوم پرستوں کو کامیابی نہیں ملی، جان اچکزئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا جس میں قوم پرستوں کو خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی، انہیں اپنی ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں سے اپیل ہے عام لوگوں کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز سمیت تمام راستوں سے احتجاج ختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ راستوں میں رکاوٹوں اور ٹریفک بلاک کرنے سے عام شہریوں کی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراطلاعات بلوچستان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ عوام کی سہولت کے لیے تمام راستے کھلوا رہی ہے، سب جماعتوں سے درخواست ہے مسافروں، خواتین، بزرگ، بیمار افراد اور بچوں کی پریشانی کا احساس کرتے ہوئے شاہراہیں اور سڑکیں بند کرنے کا سلسلہ ختم کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں تو آئینی فورم پر اظہار کریں، احتجاج ان کا حق تھا جو انہوں نے کرلیا، اب قومی شاہراہوں کو بند کرنے سے عوام کا نقصان ہورہا ہے۔