پاکستان میں پی ٹی آئی کے بغیر اتحادی حکومت بننے پر امریکا کا ردعمل آگیا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکا نے ایک بار پھر پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں نے پاکستان میں جنرل الیکشن کے دوران دھاندلی کے الزامات اور ممکنہ اتحادی حکومت سے متعلق سوالات کیے۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ پاکستان میں تحریک انصاف کے بغیر اتحادی حکومت بننے کا امکان ہے اس پر امریکا کا کیا ردعمل ہے جس پر میتھیو ملر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مخلوط حکومت کی تشکیل برطانوی پارلیمانی نظام کے عین مطابق ہے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کے بننے کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔اس پر کوئی بھی فیصلہ کرنے کا اختیار امریکا کے پاس نہیں بلکہ پاکستانی عوام یہ فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
میتھیو ملر نے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے پہلے بھی ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ہمارے خیال میں یہ سب سے مناسب قدم ہے۔
امریکی ترجمان میتھیو ملر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے منتظر ہیں۔