شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں سزا کیخلاف درخواست دائر کردی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا .
رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں 10 سال سزا کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے سزا کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی .

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی .
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سائفر کیس میں 15 اگست سے شروع ہونے والے ٹرائل پراسس کی خلاف ورزی کی گئی . سائفرکیس کا ٹرائل قانونی طریقہ کار کے مطابق نہیں چلایا گیا .
شاہ محمود قریشی کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ استغاثہ کے 10 گواہوں کے بیان میرے وکلا کی غیر موجودگی میں ریکارڈ ہوئے . مجھے نوٹس دئیے بغیر میری طرف سے خود ساختہ سرکاری وکیل مقرر کردیا گیا . ٹرائل کورٹ کا 30 جنوری کا فیصلہ فئیر ٹرائل کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے .
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے فیصلہ معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی درخواست بھی دائر کر دی . درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جب تک اپیل زیر التوا ہے فیصلہ معطل کر کے ضمانت پر رہائی دی جائے .

. .

متعلقہ خبریں