کراچی(قدرت روزنامہ) پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز نے ایس آر او کے غلط استعمال کے ذریعے اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف کیا ہے . دستاویز کے مطابق ایس آر او 492 کے غلط استعمال میں 1268 امپورٹرز کی نشاندہی ہوئی ہے، جنہوں نے 9364 گڈز ڈیکلریشن کے ذریعے ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کی .
ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ شیراز احمد کے مطابق امپورٹرز نے SRO492 کے ذریعے 27ارب 50کروڑ روپے سے زائد کی ڈیوٹی چوری کی . ایس آراو 492 کے تحت امپورٹڈ خام مال کی پراسیسنگ کرکے 18ماہ میں برآمد نہیں کیا گیا .
انہوں نے کہا کہ 2014ء میں 1268 امپورٹرز نے ترغیبی ایس آر او 492 کے تحت درآمدات کی تھیں . ایس آر او کے غلط استعمال میں ملوث امپورٹرز کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں . ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز کی جانب سے اس ضمن میں قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے .
بتایا گیا ہے کہ امپورٹرز نے ایس آر او 492کے تحت خام مال درآمد کرکے مقامی مارکیٹ میں فروخت کرکے بھاری منافع کمایا . ایس آر او 492 کا ناجائز استعمال کرکے مقامی مارکیٹوں میں مسابقت کے ماحول کو متاثر کیا گیا .