مولانا فضل الرحمٰن پر ہرزہ سرائی کرنیوالے بانیٔ پی ٹی آئی انکے قدموں میں بیٹھ گئے: کیپٹن (ر) صفدر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کنٹینر پر مولانا فضل الرحمٰن سمیت علمائے کرام سے متعلق ہرزہ سرائی کرتے تھے، کل کم ازکم وہ علمائے کرام کے قدموں میں تو بیٹھ گئےاسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن (ر) صفدرنے یہ بات کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف پارلیمانی سیاست سے کبھی علیحدہ نہیں ہوں گے، میاں صاحب زیادہ توانا ہو کر آئے ہیں، وہ پاکستانی سیاست اچھی طرح سنبھالیں گے۔میاں نواز شریف کے داماد کا کہنا ہے کہ قائدِ اعظم، ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف عوام کا دکھ درد رکھنے والے لوگ ہیں، نواز شریف نے اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کیا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کنٹینر پر مولانا فضل الرحمٰن سمیت علمائے کرام سے متعلق ہرزہ سرائی کرتے تھے، کل کم ازکم وہ علمائے کرام کے قدموں میں تو بیٹھ گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ سیاستدان ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔
اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا جو حکومت بننے جا رہی ہے وہ زیادہ عرصہ چل پائے گی؟ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جواب دیا کہ پہلے حکومت بننے دیں، بچہ پیدا ہو گا تو نام رکھیں گے پھر بتائیں گے کہ کتنا عرصہ چلے گی۔