پاکستان کی دو تہائی عوام نے 9 مئی کے واقعے کے ذمہ داروں کو مسترد کر دیا ہے،جان اچکزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی دو تہائی عوام نے 9 مئی کے واقعے کے ذمہ داروں کو مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا کے سامنے اسکرین شارٹس پیش کرکے خود کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی کے پاس دھاندلی کے ثبوت نہیں ہیں کیونکہ ان کے پاس فارم 45 نہیں ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے غیر ملکی لابیوں کے لیے کام کرنے کا الزام بھی لگایا، نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مذید کہا کہ انھوں نے ریاست کی ساکھ کو داغدار کرنے کے لیے امریکہ میں لابیوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ پی ٹی آئی کا واحد مقصد قوم کو پولرائز کرنا اور کنفیوژن پیدا کرنا ہے لیکن ان کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے قوم کو 9 مئی کے واقعات کی یاد دلائی جب ہمارے ہیروز اور شہداء کی علامتوں کو توڑا گیا۔ ان واقعات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔