شہریوں کی جان مال کی سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی، علی امین گنڈا پور


نامزد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ترجیحی ایجنڈا جاری کردیا
پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ترجیحی ایجنڈا جاری کر دیا۔علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا تہذیب و روایات کا امین صوبہ ہے، چادر اور چاردیواری کے مکمل احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان مال کی سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی، صحت کارڈ کو پورے صوبے کے لیے بحال کریں گے، لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو فعال کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ خواتین کو حقوق کے لیے مفت قانونی معاونت فراہم کریں گے، صوبے میں قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے، لاقانونیت کے فروغ میں کردار ادا کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے لیے خصوصی پیکج کا اہتمام کریں گے اور صوبے کو مالی طور پر خود مختار بنائیں گے، پوری توجہ شہریوں کی فلاح و ترقی پر مرکوز کریں گے۔