عامر خان کی فلم ‘دنگل’ کی اداکارہ 19 سال کی عمر میں چل بسیں


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم ‘دنگل’ میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوہانی بھٹناگر 19 سال کی عمر میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل 19 سالہ اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا جس کے علاج کے لیے اُنہوں نے دوائیاں لی تھیں، ان دوائیوں نے اداکارہ کی صحت پر منفی اثر ڈالا جس کے بعد اُن کے پورے جسم میں پانی بھر گیا تھا۔
سوہانی بھٹناگر کو تشویشناک حالت میں دہلی کے ممتاز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اداکارہ کا علاج جاری تھا لیکن اُن کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور 17 فروری کی صبح وہ چل بسیں۔اداکارہ کی اچانک موت پر بھارتی مداح اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ دنگل 23 دسمبر 2016 کو ریلیز کی گئی تھی، یہ فلم ناصرف ہندی بلکہ تیلگو اور تامل زبانوں میں بھی ریلیز ہوئی تھی، ریلیز کے فوراً بعد یہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم بن گئی تھی۔
دنگل کے بعد سوہانی نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں، دنگل کی ہدایتکاری نتیش تیواری نے کی جبکہ عامر خان اور کرن راؤ نے پروڈیوس کیا تھا۔
اس فلم میں عامر خان کو پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کے کردار میں دکھایا گیا تھا جو اپنی بیٹیوں گیتا پھوگاٹ اور ببیتا کماری کو بھارت کی پہلی عالمی سطح کی خاتون پہلوان بننے کے لیے تربیت دیتا ہے۔
فاطمہ ثنا شیخ اور سانیا ملہوترا نے عامر خان کی بیٹیوں کے بالغ کردار جبکہ زائرہ وسیم اور سوہانی بھٹناگر نے ان کے چھوٹے کردار ادا کیے تھے۔