کمشنر راولپنڈی کا پی ٹی آئی کے لوگوں سے رابطہ ثابت ہوگیا، عطا تارڑ


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کا پی ٹی آئی کے لوگوں سے رابطہ ثابت ہوگیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کو ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے استعفے کا خیال کیوں آیا، کیا آپ کا تعلق ارسلان خالد اور سوشل میڈیا سے نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت چٹھہ صاحب کا 8 دن بعد ضمیر جاگا، خودکشی کا پلان کر کے اسے منسوخ کیا، آپ کہتے ہیں ٹھپے لگائے جارہے تھے تو ریٹائرمنٹ کے قریب کیوں خیال آیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ ن لیگ جہاں جیتے وہاں دھاندلی جہاں آپ جیتیں وہاں دھاندلی نہیں ہے، اب ہار جیت کا دُہرا معیار نہیں چل سکتا، منظم سازش سے الیکشن کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست قابلِ قبول نہیں ہے، لیاقت چٹھہ پر پوری تحقیقات ہونی چاہئیں، ان کے رابطوں اور کردار کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ کیا آر او کی تصاویر چلانا دہشت گردی نہیں ہے، کیا آر او کی تصاویر چلا کر انہیں تھریٹ نہیں کررہے، نگراں حکومت آر اوز کو دھمکی دینے پر سخت ایکشن لے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو جھوٹا بیانیہ بنانے کے لیے غلط استعمال کیا گیا، ان لوگوں نے ملکی مفاد کو داؤ پر لگایا، سائفر لہرایا۔ ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، جہاں آپ کو شکست ہوئی ہے اسے تسلیم کریں۔