مخصوص سیاسی جماعت سرکاری ملازمین کو ہراساں کرنے پر اُتر آئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عام انتخابات کے بعد مخصوص سیاسی جماعت سے جڑے سوشل میڈیا اکاونٹس مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سرکاری ملازمین کو ہراساں کرنے پر اُتر آئی۔سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے عوام کو اشتعال دلانا شروع کردیا اور انتخابات میں ریاستی اداروں کو دھاندلی کا ذمہ دار ٹھہرا کر عوام کو ایک بار پھر بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔
ان اکاؤنٹس نے سرکاری افسران کو سرِ عام ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جن میں متعدد کمشنرز ، آر اوز اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔ ان اکاؤنٹس سے سیکیورٹی اور سرکاری افسران کے اہل خانہ کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس آفیسر بننے والی خواتین افسران کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے۔
مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سیکیورٹی و سرکاری افسران کی تصاویر شائع کرکے ان کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔واضح رہے کہ آر پی او راولپنڈی کے بیرون ملک رخصت پر جانے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما و امریکہ میں مقیم شہباز گل نے تشویشناک ٹویٹ کیا ہے۔
شہباز گل نے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کے بارے میں اطلاع دینے پر انعام مقرر کرتے ہوئے کہا کہ انصافینز پتہ کریں یہ کس ملک تشریف لائے ہیں، اگر امریکہ کینیڈا پورپ یا آسٹریلیا وغیرہ میں آئے ہیں تو ان کے خلاف سویلین آبادی پر ظلم بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کا کیس کریں گے، ان کو اب محفوظ مسکن مہیا نہیں ہونے دیں گے۔ اطلاع دینے والے کو مناسب انعام دیا جائے گا۔