بعض جماعتیں اپنی شکست تسلیم کرنے کے بجائے عوام کو تکلیف پہنچا رہی ہیں، جمال رئیسانی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پیپلز پارٹی کے رہنماءنو منتخب رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات صاف و شفاف ہوئے ہیں بعض سیا سی جماعتیں اور امید وار اپنی شکست کو تسلیم کر نے کی بجائے سڑکوں کو بند کر کے عوام کو تکلیف پہنچا رہے ہیں ، سیکورٹی فورسز اور الیکشن کمیشن کامیاب پر امن صاف وشفاف انتخابات کر وانے پر داد کے مستحق ہیں ۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میںکہی۔ نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ 8فروری کو بلو چستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھر پور مینڈیٹ دیا ہے اور صوبے سے قوم پرستی اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے بلو چستان کے عوام چاہتے کہ وہ فیڈریشن کی سیاست کریں کیونکہ قوم پرستوں نے انہیں کبھی بھی تر قی نہیں دی اور نہ ہی انکی بنیادی ضروریات کو پورا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 8فروری کو نہ تو کوئی دھاندلی ہوئی نہ نتائج تبدیل ہوئے ، تبدیل ہوئی ہے تو صرف عوام کی سوچ جنہوں نے منفی سیا ست کو ہمیشہ کے لئے مسترد کیا ہے
چند نام نہاد قوم پرستوں کو عوام کا فیصلہ اب تسلیم کر لینا چاہئے اگر انہیں انتخابات پر اتنے ہی اعتراضات ہیں تو وہ سڑکوں کو بند کر نے ، دھرنوں میں تقاریر کر نے کے بجائے ثبوتوں کے ساتھ ٹریبونل میں جائیں ناکہ قانونی راستے سے راہ ہے فرار اختیار کریں ۔ نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور الیکشن کمیشن کو بہتر انداز میں انتخابات منعقد کر نے پر خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔