دو دن گزر جانے کے بعد بھی صارفین کو ایکس تک رسائی میں دشواری کا سامنا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں ایکس کی سروس گزشتہ 2 روز سے بند ہے، صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔ایکس کی سروس 17 فروری کی رات 10 بجے سے بند ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش سے صارفین کو ٹوئٹس اور نئی پوسٹس دیکھنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ صارفین ایکس پر نہ ٹوئٹ کرسکتے ہیں اور نہ کوئی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔گزشتہ دو روز سے صارفین پلیٹ فارم تک رسائی حاصل میں دشواری کا سامنا ہونے کے باوجود پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے ’نیٹ بلاکس‘ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہروں اور افراتفری کے دوران صارفین کو ایکس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔‘
اس کےعلاوہ سائبر سیکیورٹی واچ ڈاگ نیٹ بلاکس نے بھی ’لائیو میٹرکس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس سروس کی بندش کی تصدیق کی ہے۔یاد رہے کہ ایکس کی بندش ایسے موقع پر سامنے آئی تھی جب راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے۔
قبل ازیں ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران پاکستان کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کا سامنا تھا۔
اس دوران ملک میں ’سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے‘ موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی تھی، ایکس سروس کی بندش کی وجہ سے ہزاروں صارفین کو ٹوئٹس کرنے اور نئی ٹوئٹس دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔