خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہ مچادی، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 9 زخمی


پشاور (قدرت روزنامہ)ملک کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہی مچادی ہے جہاں بارش کے باعث گھروں کی چھتیں کرنے کے واقعات میں4 افرادجاں بحق جب کہ 9 زخمی شہری ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پشاور میں بارش کے باعث 4گھروں کو جزوی جبکہ2 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، برفباری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھلولنے کے لیے اقدامات تیزکر دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی جب کہ موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، اس کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بونداباندی ہوئی جس سے موسم خوشگوارہوگیا۔
گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہ قراقرم بند، متعدد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں
دوسری جانب گلگت بلتستان میں شدید بارشوں سے شاہراہ قراقرم کوہستان اور شاہراہ بلتستان بن ہونے سے متعدد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے دوران شاہراہ قراقرم کوہستان اور دیامر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 4 مقامات اور شنگوس کے مقام پر شاہراہِ بلتستان بند ہوگئی، شاہراہوں کی بندش سے متعدد مسافرگاڑیاں پھنس جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور برفباری جبکہ بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش/ برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی نیشنل فورکاسٹنگ سینٹر کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ آج اور کل کشمیر ، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی پنجاب اورشمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پربرفباری اور موسلادھار بارش کا امکان ہے.
بیان میں مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ 19 اور 20 فروری کے دوران مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، استور، ہنزہ، دیامیر، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں تیز بارش اوربرفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا خدشہ ہے۔
کراچی میں آج اور کل بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان
متحدہ عرب امارات ،سعودیہ،قطرسمیت دیگر مشرق وسطی کے ممالک میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سبب بننے والا طاقتور مغربی سسٹم آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کی بحیرہ عرب موجودگی سے کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور آج اور کل بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے, سسٹم کے باعث جیوانی، گوادر، اورماڑہ ، تربت، پنجگور، بیلہ، اتھل اور اطراف میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔