گوجرانوالہ: پولنگ افسر کا الیکشن میں دھاندلی کا اعترافی بیان سامنے آگیا


گوجرانوالہ(قدرت روزنامہ) این اے 79 گوجرانوالہ میں تعینات پولنگ آفیسر طاہر ابرار کا الیکشن میں دھاندلی کا اعترافی بیان سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگیا۔ وائرل ویڈیو میں طاہر ابرار کا کہنا تھا کہ جان میں نے اللہ کو دینی ہے جو کچھ میں نے کیا ہے اور جو کروایا گیا ہے اللہ ایسا موقع کبھی نہ لائے، مجھے الیکشن میں ڈیوٹی نہ کرنا منظور ہوگا لیکن ایسا کام دوبارہ کبھی نہیں کروں گا۔
پولنگ آفیسر نے بتایا کہ اس کے باوجود اللہ نے جس کے مقدر میں عزت لکھی تھی اس کو دے دی، میں سرکاری ملازم ہوں اور میری کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے، ہم پر کسی امیدوار یا ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، آج کل جن کا زور چل رہا ہے انہی کا چلا اور انکی منشاء کے مطابق ہم ان کو نتائج دے کر آئے ہیں۔
طاہر ابرار کا کہنا تھا کہ میری ڈیوٹی ایک دیہی علاقے کے پولنگ اسٹیشن میں تھی، اس کو مجبوری کہہ لیں یا اس کو کوئی بھی رنگ دے دیں۔
ذرائع کے مطابق طاہر ابرار گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول چھٹہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 226 پر تعینات تھا اور گورنمنٹ فقیر محمد ڈگری کالج میں لائبریرین کی نوکری کرتا ہے، طاہر ابرار ویڈیو بیان دینے کے بعد لا پتہ ہے آج ڈیوٹی پر بھی نہیں آیا۔
آر او خرم مختار بھنگو کا کہنا ہے کہ ویڈیو میرے سامنے آئی لیکن میں نے خود انکوائری نہیں کی، اسکا ملازم بھی نہیں مل رہا اور پریزائڈنگ آفیسر درخواست لیکر آیا تھا اور عملے کے پیسے اسکے پاس ہیں، تحقیقات ہوں گی تو سامنے آجائے گا کسی کے خلاف ویسے نہیں بولا۔