مبینہ دھاندلی؛ جماعت اسلامی کا 23 فروری سے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان


لاہور(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی نے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف 23 فروری سے حتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق جھرلو الیکشن کو بے نقاب کرنے کے لیے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے۔ جماعت اسلامی 23فروری سے احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔ پہلا احتجاج پشاور میں ہو گا ، جس کی قیادت سراج الحق کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 25فروری کو اسلام آباد میں جمہوریت بچاؤ کانفرنس ہوگی۔ الیکشن کمشنر استعفا دیں۔ الیکشن پراسس کا مکمل آڈٹ اور تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ عوام کے حقوق کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
قیصر شریف کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرنے میں 100 فیصد ناکام ہوگئے۔ اداروں کی مداخلت ختم ہوئی نہ ہی تاریخ سے سبق سیکھا گیا۔ سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے بجائے ذاتی مفادات کی طرف دیکھتی ہیں۔ پی پی پی، مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم کی سیاسی جان اقتدار کے طوطے میں ہے۔یہ ہر قیمت پر ہر رُسوائی کے ساتھ پاورشیئرنگ کریں گی۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام بیدار ہیں ایسی سیاست سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ اب عوام پاکستان کا استحکام اور کامیابی چاہتے ہیں۔ 8فروری کو ہونے والے الیکشن پر آزاد میڈیا اور اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔