شاہد خاقان پارٹی نہ چھوڑتے تو مریم نکال دیتیں، مفتاح اسماعیل


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ن لیگ سے معاشی صورتحال کو سمجھنے والے لوگ چلے گئے، شاہد خاقان مریم نواز کے ہٹانے سے پہلے سائیڈ پر ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق انکشافات کیے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان پہلے ہی نواز شریف کو بتاچکے تھے کہ جب پارٹی مریم نواز کے حوالے ہوگی تو وہ پیچھے ہٹ جائیں گے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو بھی جب آئی تھیں تو جتنے انکلز تھے انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس سے پہلے مریم نواز شاہد خاقان عباسی کو ہٹاتیں، وہ خود ہی سائیڈ پر ہوگئے اور پارٹی چھوڑ دی۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان کے تحفظات یہ تھے کہ حکومت نہ لو، ووٹ آف نو کانفیڈنس کرا کر الیکشن میں چلے جاؤ لیکن جب آپ نے حکومت لے لی تو خالی نہ بیٹھو پھر کام کرو۔ الیکشن میں کسی مقصد کے ساتھ اترو بنا مقصد کے الیکشن میں اترنے کا نتیجہ سب نے دیکھ لیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اُن کی اور شاہد خاقان عباسی کی سیاسی سوچ ایک جیسی ہے اور وہ ساتھ ہوتے ہیں۔ اگر سابق وزیراعظم خاقان عباسی پارٹی نہیں چھوڑتے تو مریم نواز انہیں نکال باہر کرتیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ن لیگ سے وہ لوگ چلے گئے جن کو معیشت کے حوالے سے چیزوں کا زیادہ ادراک تھا۔ نئی حکومت کو سب سے پہلے تو آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا، مارچ میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کہ سامنے اس وقت کئی شاہراہیں ہیں، غلط سڑک پکڑنا بہت آسان ہے۔ ایک ہی صراط مستقیم ہے وہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کریں اور مہنگائی کم کریں۔ آج اس پر کام شروع کریں گے تو دس پندرہ سال بعد اس کا نتیجہ ملے گا۔