وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر کون سا اعزاز ملے گا؟ مریم نواز نے بتا دیا


لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز ملا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق مریم نواز کا مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ عوام نے نوازشریف کو مینڈیٹ دیا، نو منتخب اراکین کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے۔ دعا اور پوری کوشش ہو گی کہ اراکین اور عوام کے اعتماد پر پوری اتروں۔ اللہ تعالیٰ مجھے بہترین انداز میں خدمت کی توفیق ، ہمت اور رہنمائی عطا فرمائے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن ، ہر بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں۔ ایک خاتون اور بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔ نوازشریف، شہبازشریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ نوازشریف اور شہبازشریف کے زیر سایہ ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا اظہار کیا، اجلاس میں مسلم لیگ (ن)، آزاد اور مخصوص نشستوں کے نامزد اراکین شامل تھے، جن کی تعداد 218 بتائی گئی۔