عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ہمیں حکومت کرنے دی جائے،میاں اسلم اقبال


پشاور(قدرت روزنامہ)پنجاب کیلئے نامزد وزیراعلیٰ میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ہمیں حکومت کرنے دی جائے،یہ جو حکمران بنے پھرتے ہیں حکمران نہیں وارداتی ہیں،انہوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہاکہ جناح ہاؤس سمیت کسی بھی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ہوں تو سامنے لائیں،جناح ہاؤس سمیت دیگر جگہوں پر ایک وقت میں کیسے ہو سکتا ہوں،مجھ پر قتل کاالزام لگایا گیا ہے، پوری سیاسی زندگی میں ایسی بات نہیں کی کہ جس سے ضمیر مجھے ملامت کرے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ عام انتخابات نے بانی پی ٹی آئی کے نظریے کو ثابت کیا،یہ تینوں ایک دوسرے کی کرپشن کی باتیں کرتے تھے،جب الیکشن ہو جاتے ہیں تو یہ ایک ہو جاتے ہیں،انہوں نے عوامی مینڈیٹ چوری کیا یہ عوام میں سے نہیں،جرم کرنے والوں کوسزا دیں لیکن معصوم کو سزا نہ دیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہاکہ جائیں عوام میں پتہ کرائیں کون سی جماعت عوام کے دل پر راج کرتی ہے،کونسی جگہ ہے جہاں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نہیں جیتے،خداراعوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں، یہ پی ڈی ایم 2آ رہا ہے،انہوں نے 16ماہ میں کیا کیا جواب یہ کچھ کر سکیں گے،16ماہ میں انہوں نے معیشت اور تمام ادارے تباہ کئے،ان کا کہناتھا کہ میٹرو کو چاٹنا ہے؟غریبوں کو دووقت کی روٹی نہیں مل رہی،لوگوں کو روٹی نہیں مل رہی اور تمہیں میٹرو کی فکر ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہاکہ ن لیگ کہہ رہی ہے کہ ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ ورنہ تمہارا نوٹیفکیشن کینسل، ووٹوں کی چوری سے یہ سلسلہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں یہ نہیں چلنا،ہم کام نہیں کر پائیں گے تو عوام مسترد کر دیں گے،عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ہمیں حکومت کرنے دی جائے،مینڈیٹ کی چوری کرکے پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی،پارلیمنٹ کی اتنی بے توقیری کی کہ اب کوئی اعتماد نہیں کررہاہے،یہ جو حکمران بنے پھرتے ہیں حکمران نہیں وارداتی ہیں،انہوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا،پی ٹی آئی نے کلین سوئپ کیا ہے،
ان کاکہناتھا کہ یہ پی ڈی ایم 2ہے عوام کو کوئی ریلیف نہیں،گھریلو خواتین نے زیور بیچ کر بجلی کے بل ادا کئے،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ہر ادارے کو تباہ کیا ہے۔