خیبر پختونخوا کا آئندہ 4 ماہ کا بجٹ تیار
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختون خوا کی نگراں حکومت نے آئندہ 4 ماہ کا بجٹ تیار کر لیا۔خیبر پختون خوا کے محکمۂ خزانہ کے مطابق بجٹ یکم مارچ 2024 ء سے 30 جون 2024ء تک تیار کیا گیا ہے، 4 ماہ کے بجٹ کا تخمینہ 560 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر ایک ماہ کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی، موجودہ بجٹ کی مدت 29 فروری کو ختم ہو جائے گی، 29 فروری کے بعد ایک روپیہ بھی خرچ کرنا غیر قانونی ہو گا۔روزمرہ امور چلانے کے لیے کم از کم ایک ماہ بجٹ کی منظوری لازمی ہے، نگراں حکومت نے دو بار 4،4 مہینوں کے لیے بجٹ کی منظوری دی تھی۔
نگراں وزیر خزانہ احمد رسول بنگش کے مطابق بجٹ تیار کر کے منظوری کے لیے کابینہ کو بھیج دیا ہے، کابینہ کا اختیار ہےکہ 4 یا 1 مہینے کے لیے بجٹ کی منظوری دے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مستقل حکومت آئے گی تو پھر وہ بجٹ منظور کرے گی، فی الحال معمول کے امور چلانے کے لیے بجٹ کی منظوری لازمی ہے۔