پی ٹی آئی نے جھوٹ کی بنیاد پر عدالت سے نوٹیفکیشن معطل کروائے، طارق فضل چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری اسلام آباد سے کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کروائے گئے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کل 3 سیٹوں کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ جھوٹ اور فراڈ پر پی ٹی آئی نے ہمارے نوٹیفکیشن معطل کرائے تھے، الیکشن سے متعلق شکایات صرف الیکشن ٹربیونل سنے گا، ہائی کورٹ مجاز نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے 3 حلقوں کے نتائج متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، ہمارے پاس تینوں حلقوں کے فارم 45 موجود ہیں، جس فورم پر ہم سے فارم 45 مانگے جائیں گے پیش کریں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں گزشتہ دنوں تنازع پیدا کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمارے تینوں حلقوں کے نوٹیفکیشن معطل کیے، پراپیگنڈا کیا گیا کہ ان حلقوں میں کوئی بےضابطگی ہوئی، کل الیکشن کمیشن نے ہمارے نوٹیفکیشن بحال کردیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن ٹرائل کورٹ نہیں ہوتے، الیکشن سے متعلق تمام شکایات ٹربیونلز میں جاتی ہیں، ٹربیونلز بننے کے بعد دوسری عدالتیں کیسز نہیں سنتیں، پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہائیکورٹ میں جھوٹ بولا کہ ٹربیونلز قائم نہیں ہوئے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ 2024ء کے الیکشن سے زیادہ اعتراضات 2018ء میں اٹھائے گئے تھے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں ہم سیاسی لڑائی لڑنے کو تیار ہیں آپ ریاست سے نہ لڑیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ادارے ہمیشہ ان کی بدمعاشی کی زد میں رہے ہیں، پی ٹی آئی والے پیشہ ورانہ مس کنڈکٹ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی سیاسی عمل میں ملک دشمنی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کل جو آئی ایم ایف سے متعلق بیان دیا گیا ملک دشمنی ہے، پی ٹی آئی والے امریکا سے مدد مانگ رہے ہیں۔