درآمد شدہ آسٹریلوی چنے کی غیرقانونی کلئیرنس، پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے 3 افسران گرفتار


کراچی (قدرت روزنامہ)درآمد شدہ آسٹریلوی چنے کی غیرقانونی کلیئرنس میں ملوث پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا ہے . وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کے مطابق آسٹریلوی درآمد شدہ چنے کی غیر قانونی کلیئرنس میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا .


ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی میں پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے 3 افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے . انہوں نے بتایا کہ ضامن انٹرپرائزز نامی درآمد کنندہ فرم نے دھوکہ دہی سے آسٹریلوی درآمد شدہ چنے کی غیر قانونی طریقے سے کلیئرنس کروائی .
ضعیم اقبال شیخ کا کہنا ہے کہ ملزم نے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مذکورہ کنسائنمنٹ کلیئر کروایا . ان کا کہنا ہے کہ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے کراچی پورٹ سے مذکورہ کنسائنمنٹ کی کلیئرنس کے لیے ریلیز آرڈر جاری کیا .
انہوں نے کہا کہ کنسائنمنٹ مکمل طور پر مضر صحت اور انسانی استعمال کے لیے انتہائی غیر موزوں تھی . مذکورہ کنسائنمنٹ کو پاکستان پلانٹ قرنطینہ رولز 2019 کے لازمی تقاضوں کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوئے کلیئر کیا گیا تھا .
ترجمان کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین زراعت ولید مختار اور شہزاد سلمان اور ڈائریکٹر قرنطینہ قاسم کاکڑ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں . انہوں نے بتایا کہ انسپکٹر جنید ملک نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا .

. .

متعلقہ خبریں