وزیراعلی پنجاب کا انتخاب کل ہوگا


لاہور (قدرت روزنامہ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی کا انتخاب پیر 26 فروری کو ہوگا۔
سیکرٹری اسمبلی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں 25 فروری شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے، وزیراعلی کے کاغذات نامزدگی کی پڑتال پانچ دس منٹ پر پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔ ایک امیدوار ہونے پر بھی بذریعہ ڈویژن انتخاب ہوگا۔
ن لیگ نے مریم نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد احمد خان پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ملک ظہیر اقبال چنڑ بھاری اکثریت سے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد احمد خان نے 224 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے ملک احمد خان بھچر تھے جنہوں نے 96 ووٹ حاصل کیے۔