شاہ رخ کو فلم میں کاسٹ کرنے پر سلمان خان کا سنجے لیلا بھنسالی سے شکوہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی سے اپنی ناراضگی کا اظہار کردیا۔سنجے لیلا بھنسالی کا شمار بالی ووڈ کے ٹاپ فلمسازوں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کئی بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کیا ہے جن میں شاہ رخ خان، سلمان خان، مادھوری ڈکسٹ، ایشوریا رائے بچن سمیت دیگر شامل ہیں۔
سلمان خان نے سنجے لیلا بھنسالی کی دو سُپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے جن میں فلم ‘خاموشی’ اور ‘ ہم دل دے چکے صنم’ شامل ہیں، ان فلموں کے بعد فلمساز نے سلمان خان کو اپنی کسی بھی فلم میں کاسٹ نہیں کیا جس کی وجہ سے دبنگ اسٹار سنجے لیلا بھنسالی سے خواہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک تقریب کے دوران سلمان خان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا سنجے لیلا بھنسالی اپنی فلموں کے ذریعے لوگوں کو ناراض کردیتے ہیں؟اس سوال کے جواب میں سلمان خان نے کہا کہ مجھے دوسرے لوگوں کا تو معلوم نہیں لیکن سنجے لیلا بھنسالی نے مجھے ضرور ناراض کیا ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ میں نے سنجے لیلا بھنسالی کو 2 ہٹ فلمیں دیں لیکن اُنہوں نے اپنی اگلی فلم میں مجھے کاسٹ کرنے کے بجائے شاہ رخ خان کو کاسٹ کیا۔ دبنگ اسٹار نے ہنستے ہوئے اس سوال کا جواب دیا جس پر میزبان سمیت تقریب میں موجود تمام لوگوں نے خوب تالیاں بجائیں۔