شاہ رخ خان فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے، بھارتی پروڈیوسر کا انکشاف


ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف بھارتی فلم پروڈیوسر وویک وسوانی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان فلموں کے بجائے ڈراموں میں کام کرنا چاہتے تھے۔ شاہ رخ خان کا شمار دنیا کے بڑے سُپر اسٹارز میں ہوتا ہے، اداکار نے اپنے شاندار کیرئیر کے دوران نہ صرف بھارت میں بلکہ عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل کی ہے، ‘کنگ خان’ کے نام سے مشہور شاہ رخ نے بالی ووڈ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، جب اُنہوں نے اداکاری کی دنیا میں اپنے کیریئر کی شروعات کی تو وویک وسوانی نے ان کی بہت مدد کی تھی۔
اب گزشتہ دنوں پروڈیوسر وویک وسوانی نے بھارتی ٹیلی ویژن میزبان سدھارتھ کنن کو انٹرویو دیا تھا جس میں اُنہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی والدہ بہت بیمار تھیں تو وہ اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ تفصیلات مجھ سے شیئر کرتے تھے۔
وویک وسوانی نے کہا کہ شاہ رخ خان کی والدہ کے اعضاء خراب ہوچکے تھے تو میں اُن کی والدہ کے لیے مہنگی دوائیاں خرید کر اداکار کے دوست کے ذریعے دہلی بھیجتا تھا لیکن بدقسمتی سے، شاہ رخ خان کی والدہ شدید علالت کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
پروڈیوسر نے کہا کہ والدہ کے انتقال کے بعد شاہ رخ خان میرے پاس آئے اور فلم میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تو میں نے شاہ رخ سے کہا کہ تم تو کہتے تھے کہ میں کبھی فلم نہیں کروں گا بلکہ ڈراموں میں کام کروں گا، پھر اب فلم کیوں؟
وویک وسوانی کے پوچھنے پر شاہ رخ خان نے کہا کہ مجھے اب فلم میں کام کرنا ہے کیونکہ میری والدہ کا خواب تھا کہ میں ایک سُپر اسٹار بنوں تو میں نے فلموں میں کام کرکے اپنی والدہ کا خواب پورا کرنا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے شاہ رخ سے کہا ٹھیک ہے جس پر اداکار نے کہا کہ صرف ٹھیک ہے نہیں، آپ مجھ سے وعدہ کریں کہ آپ مجھے فلم میں کام دلوائیں گے ورنہ میں آپ کے گھر کبھی نہیں آؤں گا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے والد میر تاج محمد خان کا 1981 اور والدہ لطیف فاطمہ کا 1988 میں انتقال ہوا تھا، والدین کی رحلت کے بعد کنگ خان دہلی سے ممبئی منتقل ہو گئے تھے اور اپنے دوست انور کے ہاں رہائش اختیار کر لی تھی اور تب سے آج تک وہ ایک کے بعد ایک سپر ہٹ فلم دے کر بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر راج کررہے ہیں۔