پیپلزپارٹی کے اویس شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب


کراچی(قدرت روزنامہ) پیپلزپارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے . اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرِ صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا گیا .


147 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے . پی ٹی آئی کے 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے 1 رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور انتخاب کا بائیکاٹ کردیا . پیپلزپارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر منتخب ہوگئے . اویس شاہ کو 111 اور ایم کیو ایم کی امیدوار صوفیہ سعید کو 36 ووٹ ملے .
انتھونی نوید سندھ اسمبلی کے پہلے مسیحی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے . کراچی سے تعلق رکھنےوالے نوید انتھونی دوسری مرتبہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں . وہ سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کےچیئرمین بھی رہے .
آج تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین سندھ اسمبلی نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں حلف اٹھانے والے ارکان کی مجموعی تعداد 157 ہوگئی . جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکین غیر حاضر رہے .
114 ارکان کے ساتھ پیپلز پارٹی سندھ کی سب سے بڑی اور 36 نشستوں کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان دوسری بڑی جماعت ہے . جی ڈی اے کے 3، جماعتِ اسلامی 1 اور آزاد ارکان کی تعداد 9 ہے .

. .

متعلقہ خبریں