پنجاب

آج پنجاب کی ایک جعلی وزیر اعلیٰ کا ‘انتخاب’ کیا گیا، ترجمان تحریک انصاف


لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔ ترجمان تحریک انصاف نے بیان میں کہا کہ دھاندلی زدہ نتائج کے ذریعے غیر آئینی پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر براجمان ہونے والے آج پنجاب کی ایک جعلی وزیر اعلیٰ کا ‘انتخاب’ کررہے ہیں، سالہا سال سے ملک و قوم کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والا خاندان آج ایک بار پھر پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم کرنے کیلئے سرگرم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر کرفیو نافذ کر کے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اورمنتخب اراکین کو اجلاس میں شرکت سے روکنا غیرآئینی اور شرمناک ہے، ایک شکست زدہ خاتون کو اقتدار کی کرسی تک پہنچانے کیلئے عوام کا مینڈیٹ چرانے کے بعد اب ایوان کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف بدترین ریاستی جبر اور دھاندلی کے باوجود ایک نشست بھی حاصل نہ کرپانے والی مریم نواز کو عوام کی مرضی کے خلاف وزارت اعلیٰ کی کرسی کی خواہش کرتے ہوئے شرم آنی چاہیئے، اربوں کی کرپشن کے کیسز میں سزایافتہ ایک مجرمہ کی ترجیح عوام کی فلاح و بہبود نہیں بلکہ قومی خزانے پر ہاتھ صاف کر کے شریف خاندان کی جائیداد میں مزید اضافہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پنجاب کے عوام غیر آئینی طور پر منتخب ہونے والی جعلی وزیر اعلیٰ کی صورت اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی غیر آئینی حکومت کی عمارت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکے گی اور اپنے ہی بوجھ تلے دب جائے گی۔

متعلقہ خبریں