مریم نواز کی جانب سے ہاتھ جھٹکنے پر عظمیٰ کاردار کی وضاحت

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ہاتھ جھٹکنے کی ویڈیو پر عظمیٰ کاردار کی وضاحت سامنے آگئی۔

لیگی ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے اپنے ویڈیو پیغام میں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کی فیکٹریاں چلانے والے ویڈیو وائرل کر رہے ہیں۔ اس طرح کی فضول حرکتیں کرنا اب بند کر دیں اور باز آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں صبح وہاں بیٹھ کر حلوہ پوری کھا رہی تھی، پیچھے سے مریم صاحبہ آئیں، انہوں نے سلام کیا تو جذبات میں آ کر مجھے یاد ہی نہیں رہا کہ میرے ہاتھ چکنائی والے ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری غلطی تھی، میں بھی مریم نواز کی جگہ ہوتی تو میرا یہی ری ایکشن ہوتا، ظاہر ہے آدمی کے کپڑے گندے ہوتے ہیں، مجھے زیادہ محتاط ہونا چاہیے تھا۔

یادرہے کہ سوشل میڈیا پر آج ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو عظمیٰ کاردار کا ہاتھ جھٹکتے دیکھا جاسکتا ہے۔

گورنر ہاؤس میں مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عظمیٰ کاردار کے قریب آئیں تو وہ اپنی نشست سے اٹھ کر گرمجوشی سے ان سے گلے ملیں لیکن مریم نواز نے انکا ہاتھ جھٹک دیا جس پر وہ حیران رہ گئیں۔