گوادر میں طوفانی بارشوں سے آبادیاں زیرآب آگئیںِ، شہریوں کی نقل مکانی


گوادر(قدرت روزنامہ) طوفانی بارشوں کے بعد کئی رہائشی علاقے زیر آب آنے سے شہری بڑی تعداد میں نقل مکانی کررہے ہیں۔ گوادر کے علاقے پرانی آبادی، نواحی علاقہ سربندن، ملابند وارڈ اور دیگر شدید بارشوں کی وجہ سے دریا کا منظر پیش کرنے لگے، پانی گھروں اور کاروباری مراکز میں داخل ہوگیا جب کہ گھروں میں رکھا قیمتی سامان بہہ جانے سے شہریوں کا نقصان بھی ہوا ہے۔
بارشوں کے دوران کئی علاقے زیر آب آنے کے بعد خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت شہریوں کو دوسرے محلوں اور مدارس یا بلند عمارتوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
  ڈپٹی کمشنر گوادر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سربندن اور گوادر میں کئی کشتیاں ڈوب گئی ہیں، جس سے ماہی گیروں کا روزگار بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ گوادر شہر کے مختلف علاقوں سے مکانات کے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جب کہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کی کوشش کررہے ہیں۔
مسلسل بارش کی و جہ سے مکران کوسٹل ہائی وے گوادر اور سربندن کے درمیان پانی میں ڈوب گئی۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بالائی علاقوں میں بڑے پیمانے پر برفباری متوقع ہے۔ بارش اور برفباری کاسلسلہ 29 فروری سے 2 مارچ تک جاری رہے گا ۔