چئیرمین سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے انکار کرنے کی تردید


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چئیرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنے کی تردید کردی۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کی حقائق کے برعکس تشریح کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کرانے کے بعد تمام پارٹیوں کو خط لکھتا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں پانچ فیصد کوٹا خواتین کو دیا جاتا ہے، وہ خط صرف ہمیں نہیں لکھا گیا تمام جماعتوں کو لکھا گیا ہے۔
حامد رضا نے کہا کہ چونکہ سنی اتحاد نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا اس لیے ہم نے صرف یہ بتایا کہ ہم نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا اس لیے ہمارے پاس 5 فیصد خواتین کو ٹکٹ دینے کی ایسی کوئی فہرست موجود نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے یہ کسی جگہ پر نہیں کہا کہ ہمیں مخصوص نشستیں نہیں چاہیئیں، ہمارے پاس خط موجود ہے، اس خط میں مخصوص نشستوں کی تو کوئی بات ہی نہیں کی، اس کو آرٹیکل 206 کی بنیاد پر پڑھا جانا چاہیے، میرا بیان حلفی موجود ہے کہ اگر ہم الیکشن لڑیں گے تو مخصوص نشستیں لیں گے۔
حامد رضا نے مزید کہا کہ میرے خط کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کے خط بھی ہمارے پاس ہیں، باقی الیکشن کمیشن جو مرضی فیصلہ کرلیں، چیف الیکشن کمشنر کی مرضی ہے جو مرضی سمجھنا چاہیں سمجھیں۔