اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے لہجے اور لگائے گئے الزامات پر تحفظ کا اظہار کردیا . صدر عارف علوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو عام طور پر سمریوں میں ایسے مخاطب نہیں کیا جاتا .
یہ امر افسوسناک ہے کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو نے صدر مملکت کو پہلے صیغے میں مخاطب کیا .
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نگراں وزیراعظم نے سمری میں ناقابل قبول زبان استعمال کی اور بے بنیاد الزامات لگائے . صدر مملکت نے اپنے حلف اور ذمہ داریوں کے مطابق ہمیشہ معروضیت اور غیر جانبداری کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے . صدر انتخابی عمل میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور حکومت قائم کرنے کے عمل سے غافل نہیں ہو سکتا . صدر کو قوم کی بہتری اور ہم آہنگی کے لیے قومی مفاد کو مد نظر رکھنا ہوتا ہے .
صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق سمری آئین کے آرٹیکل 48 ایک کے عین مطابق واپس کی گئی . مقصد آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت قومی اسمبلی کی تکمیل تھا تاہم میرے عمل کو جانبدار عمل کے طور پر لیا گیا . قرارداد مقاصد کے مطابق عوام کو اپنے ملک کے ایگزیکٹو فیصلوں سے میں حصہ لینے سے محروم نہیں کیا جا سکتا .