بالی ووڈ سے آفر آئی تو سلمان خان کیساتھ کام کروں گی، سارہ خان


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان نے کہا ہے کہ اگر اُنہیں سرحد پار بالی ووڈ سے آفر آئی تو وہ دبنگ اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کریں گی۔
حال ہی میں سارہ خان نے بھارتی خبررساں ادارے “انڈیا ٹوڈے” کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے بھارت میں اپنی مقبولیت اور بالی ووڈ میں کام کرنے کے بارے میں بات کی۔
سارہ خان نے کہا کہ جب میرا ڈرامہ سیریل ‘ثبات’ نشر ہوا تو بھارت میں اُس ڈرامے کو بہت پسند کیا گیا، مجھے سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات موصول ہوئے جس کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ میں بھارت میں بھی مقبول ہوں اور بھارتی مداح بھی مجھے انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں۔
اداکارہ نے پاک بھارت سیاسی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں لوگ پاکستانی فنکاروں کو کام کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دونوں ممالک کی سیاسی صورتحال کی وجہ سے اب یہ بہت مشکل ہوگیا ہے۔
بھارتی صحافی نے سارہ خان سے پوچھا کہ پاکستانی اسٹارز ماہرہ خان، عمران عباس اور فواد خان نے بالی ووڈ میں کام کیا ہے تو اگر آپ کو بالی ووڈ سے آفر آئی تو آپ بالی ووڈ میں کام کرنا چاہیں گی؟
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سارہ خان نے کہا کہ میں بالی ووڈ فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئی ہوں تو اگر مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع ملا تو میں ضرور کام کروں گی کیونکہ کسی بھی اداکار کے لیے دوسری انڈسٹری میں کام کرنا اچھا موقع ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان ان کے پسندیدہ اداکار ہیں اور وہ بالی ووڈ میں ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔