سندھ

کراچی میں ڈاکوؤں نے آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر کو قتل کردیا


کراچی(قدرت روزنامہ) شہر قائد میں ڈاکوؤں نے آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر کو قتل کردیا۔2ماہ کے دوران کمسن بچی اور 2 سگے بھائیوں سمیت ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 30 ہو گئی۔شہر میں قیام امن اور ڈاکوؤں کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت بھی کام نہ آسکی۔ شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران نہتے شہریوں کو قتل کرنے کی وارداتیں بدستورجاری ہیں۔
تازہ واقعے میں جامعہ کراچی کے قریب ڈاکوؤں نے ایک اورنوجوان کو قتل کرکے بوڑھے ماں باپ کا سہاراچھین لیا۔ مقتول نوجوان آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر تھا۔ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود جامعہ کراچی کے اسٹاف گیٹ پی ایس اوپیٹرول پمپ کے سامنےسروس روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے آن لائن فوڈ ڈیلیوری رائیڈرکوقتل کردیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔
مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ محمد وقاص حنیف ولد محمد حنیف کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان المشرق سوسائٹی گلزارہجری کا رہائشی اور 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ جس وقت نوجوان کو قتل کیا گیا ،اس وقت مقتول وہ اپنے کزن اویس سے بات کررہا تھا۔ ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن محمد نواز نے بتایا کہ مقتول نوجوان سے لوٹ مارنہیں ہوئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جائے وقوع سےپولیس کومقتول نوجوان کا موبائل فون ،پرس، فون چارجر،ہینڈ فری سمیت دیگر سامان اورموٹرسائیکل بھی ملی ہے جب کہ پولیس نے جائے وقوع سے تیس بورپستول کا ایک خول بھی قبضے میں لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کوایک گولی سینے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ ایس ایچ اونے بتایا کہ نوجوان کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

متعلقہ خبریں