سندھ

فلائی جناح نے لاہور سے شارجہ کیلیے یومیہ براہ راست پرواز متعارف کرادی


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی ایئرلائن فلائی جناح نے لاہور سے شارجہ کیلیے یومیہ براہ راست پرواز متعارف کرادی۔ترجمان فلائی جناح کے مطابق ایئرلائن نے اپنے بین الاقوامی فضائی آپریشنز کا آغاز کرتے ہوئے لاہور سے متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کیلیے پرواز متعارف کرادی ہے۔
فلائی جناح کے توسیع ہوتے ہوئے نیٹ ورک میں یہ شاندار اضافہ مسافرو ں کو سستی اور آسان سفر کے ذرائع کی فراہمی کیلیے ایئر لائن کے عزم میں ایک اہم سنگ میل کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ نئی سروس 27مارچ2024سے شروع ہونے والی یومیہ نان اسٹاپ پروازوں کے ذریعے دونوں شہروں کو ملائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فلائی جناح اپنے وسیع ہوتے نیٹ ورک میں اس نئے اضافے کو متعارف کرواتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہے، جو فلائی جناح کے سستے، باسہولت اورقابل اعتماد سفر کے ذرائع کی فراہمی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسلام آباد تا شارجہ کے روٹ کے حالیہ آغاز کے بعد فلائی جناح ایک نئی سروس کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں اپنی رسائی بڑھا رہی ہے جو ایک اور پاکستانی شہر کو یو اے ای کے تیسرے سب سے بڑے شہر اور خلیجی خطے کے ایک متحرک حب شارجہ سے جوڑ دے گی۔
یہ اسٹریٹجک اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا،جس سے کاروبار اور تفریح کیلیے آنے والے مسافروں کیلیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ فلائی جناح اس وقت پاکستان میں اپنے پانچ جدید ایئر بس A320طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے کے ساتھ کراچی،لاہور،اسلام آباد، پشاوراور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلیے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہے۔
اس کی اکانومی کلاس کی نشستیں کسی بھی دوسری فضائی کمپنی کی اکانومی کلاس کے مقابلے میں کہیں زیادہ کشادہ ہیں،جو مسافروں کیلیے ان کے سفر کے دوران بے پناہ آرام کا باعث بنتی ہیں۔
ہوائی جہاز میں مفت آن لائن اسٹریمنگ سروس ”اسکائی ٹائم“کی سہولت بھی میسر ہے، جو مسافروں کو تفریح کے وسیع انتخاب کو براہ راست اپنی ڈیوائسز پر منتقل کرنے کی سہولت مہیا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ مسافر انتہائی مناسب قیمتوں پر دوران پرواز ”اسکائی کیفے“مینو سے ناشتہ،سینڈوچ اورمختلف قسم کے لذیذ پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں