نواز شریف کی فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات، سیاسی معاملات پر گفتگو
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کیا۔ ان کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی، رکن قومی اسمبلی عبدالغفورحیدری اور نور عالم خان بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی اور ن لیگ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو راضی کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔