لاہور، سالانہ عرس حضرت شاہ حسین المعروف میلہ چراغاں پر عام تعطیل کا اعلان
لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت کی جانب سے سالانہ عرس حضرت شاہ حسین المعروف میلہ چراغاں پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
کل بروز ہفتہ 2 مارچ کو صوفی، پنجابی شاعر حضرت مادھولال حسین المعروف شاہ حسین کے میلہ چراغاں کا انعقاد ہو گا۔
“ضلع لاہور میں عام تعطیل ہوگی” pic.twitter.com/7FLTGK3cEZ
— Commissioner Lahore Division (@commissionerlhr) March 1, 2024
میلہ چراغاں یا میلہ شالامار دراصل پنجابی صوفی شاعر شاہ حسین کے عرس کی تین روزہ تقاریب کا نام ہے۔یہ تقاریب لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع شاہ حسین کے مزار کے قریبی علاقوں میں منعقد کی جاتی ہے۔
شاہ حسین کا میلہ چراغاں یا عرس پنجاب میں ثقافت کے اعتبار سے سب سے بڑی تقریب قرار دیا جاتا ہے۔شاہ حسین المعروف مادھو لال حسین ایک صوفی اور پنجابی شاعر تھے جو فقیرِ لاہور کے لقب سے معروف ہیں، شاہ حسین لاہوری 945ھ میں ٹکسالی دروازے لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔
شاہ حسین المعروف مادھو لال حسین کی قبر اور مزار لاہور کے شالیمار باغ کے قریب باغبانپورہ میں واقع ہے۔ ہر سال میلہ چراغاں کے موقع پر ان کا عرس منایا جاتا ہے۔
اس حوالے سے پنجاب حکومت نے 2 مارچ بروز ہفتہ ڈسٹرکٹ لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ صوبائی دفاتر میں اس چھٹی کا اطلاق نہیں ہوگا۔