چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور لطیف کھوسہ کے درمیان دلچسپ گفتگو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارتی عہدے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے۔اس موقع پر سردار لطیف کھوسہ نے عدالت میں کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے آپ چیمبر میں بلا کر چائے وغیرہ پلائیں گے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چائے تو اس کے بعد بھی آپ کو پلا دیں گے۔ عمر ایوب اور علی محمد خان صاحب بھی اس عدالت میں پہلی بار آئے ہیں۔علی محمد خان نے کہا کہ میں اس عدالت میں انصاف مانگنے آتا رہا ہوں۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمر ایوب صاحب پہلی بار آئے ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ کھوسہ صاحب آپ اپنا پورا نام کیا لکھتے ہیں؟
سردار لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ میری پارٹی اب زور دیتی ہے کہ نام کے ساتھ سردار لکھوں۔
اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو نام کے ساتھ سردار ضرور لکھنا چاہیے۔