محمود اچکزئی کی فضل الرحمان سے ملاقات، صدارتی انتخاب کیلیے ووٹ مانگ لیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سنی اتحاد کونسل کے صدر مملکت کے لیے امیدوار محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگ لیا، فضل الرحمان نے معاملہ پارٹی کے سامنے رکھنے کا کہہ دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدر مملکت کے لیے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان سے صدر مملکت کے لیے ووٹ مانگ لیا اور کہا کہ ہمارا پرانا تعلق ہے اور ہم نے ایک ساتھ تحریک میں وقت گزارا ہے امید ہے آپ ہمیں سپورٹ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا ہے کہ ہماری جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پارٹی قیادت سے مشورہ کریں گے، پھر آپ کو آگاہ کردیں گے۔