بلوچستان میں مفاہمت کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر حکومت چلائیں گے، بلاول بھٹو زرداری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل بہت زیادہ ہیں اور ہم بینظیر کی مفاہمتی سوچ کے مطابق ایوان کے اندر اور باہر موجود تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے اور حکومت چلانے کی کوشش کریں گے۔
کوئٹہ میں نئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی اور پی پی پی کے دیگر اراکین کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ اجلاس ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے فلسفے اور نظریے کے مطابق بلوچستان میں حکومت چلائیں گے، بینظیر بھٹو کی مصالحتی سوچ کے ساتھ چلیں گے، کوشش ہوگی کہ نہ صرف وہ دوست جو پارلیمان میں موجود ہیں بلکہ صوبے بھر میں پارلیمان سے باہر موجود اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مصالحت کرتے ہوئے چلیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں اتنے سارے مسائل ہیں کہ کوئی ایک شخص یا کوئی ایک سیاسی جماعت ان مسائل کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرے تو مشکل ہوگی، اگر ہم سب مل کر سر جوڑ کر نیک نیتی کے ساتھ عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم مثبت نتائج دے سکیں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے درخواست کی ہے کہ بحثیت وزیراعلیٰ بلوچستان پہلا دورہ گوادر میں ہوگا جہاں پچھلے چند دنوں سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے تو وہاں کے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے انتظامات بھی کریں گے۔