پختونخوا اسمبلی میں لیگی رکن ثوبیہ شاہد پر اشیا پھینکنے کیخلاف تھانے میں درخواست


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختون خوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن ثوبیہ شاہد پر اشیا پھینکنے کے خلاف تھانے میں درخواست جمع کرادی گئی۔مسلم لیگ ن کی جانب سے خاتون رکن اسمبلی کو بوتلیں مارنے اور بدتمیزی کرنے کے خلاف پولیس سے رجوع کرلیا گیا اس حوالے سے لیگی خاتون ایم پی اے ثوبیہ شاہد نے تھانہ شرقی میں درخواست جمع کرادی ہے۔
ن لیگ کی جانب سے اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون رکن صوبائی اسمبلی کو لوہے کی چیزیں مارنے والوں کی ویڈیوز ایف آئی اے کو دی جائیں گی جب کہ بدتمیزی کیے جانے کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔
لیگی رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ پختون خوا اسمبلی میں غنڈے کون لایا؟ کس مقصد کے لیے لائے گئے ؟ اس معاملے کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ ن لیگ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے۔ اگر صوبائی حکومت تحقیقات نہیں کرے گی تو وفاقی ایجنسیوں سے کروائیں گے۔