نئی حکومتوں کے قیام، سیاسی بے یقینی ختم ہونے سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی


کراچی(قدرت روزنامہ) نئی حکومتوں کے قیام، سیاسی بے یقینی ختم ہونے سے گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی، مخلوط حکومت کی تشکیل پر بیرونی سرمایہ کار مارکیٹ میں دوبارہ راغب ہوئے، 4 ہفتوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 6 کروڑ ڈالر مالیت کے حصص کی خریداری کی گئی۔
آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے کی امید پر سرمایہ کاری بڑھی، نئے قرض پروگرام میں شمولیت کی حکمت عملی کی اطلاعات بھی مارکیٹ پر اثرانداز رہیں، مجوزہ مخلوط حکومت کو درپیش چیلنجز کی خبریں بھی زیرگردش رہیں، ہفتے صرف ایک سیشن میں مندی اور 4 سیشنز میں تیزی رہی۔
ہفتہ وار کاروبار میں تیزی سے انڈیکس کی 63000، 64000 اور 65000 پوائنٹس کی 3سطحیں عبور ہوگئیں اور ہفتے کے اختتام پر 8ہفتے بعد انڈیکس کی 65000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوئی۔ہفتہ وار کاروبار میں تیزی کے سبب حصص کی مالیت 2 کھرب 30ارب 27کروڑ 74لاکھ 46ہزار 841روپے بڑھ گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 93کھرب 12ارب 12کروڑ 08لاکھ 05ہزار 853روپے ہوگیا۔
تیزی کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس 2509.86 پوائنٹس بڑھ کر 65325.68 پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 1012.15 پوائنٹس بڑھ کر 22145.66 پر بند ہوا۔
کے ایم آئی 30انڈیکس 4866.20 پوائنٹس بڑھ کر 110094.92 پوائنٹس پر بند ہوا اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 799.93 پوائنٹس بڑھکر 31261.36 پوائنٹس پر بند ہوا۔