‘آپ کے سُر درست نہیں’، فرحان سعید اور گوہر ممتاز کے درمیان لفظی جنگ جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سال 2002ء میں گیت ‘عادت’ کی وجہ سے مشہور ہونے والے پاکستانی میوزک بینڈ ‘جل’ کے سابق گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے ایک بار پھر سابق ساتھی گلوکار فرحان سعید کے سُروں پر تنقید کردی۔
گزشتہ دنوں گوہر ممتاز نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ فرحان سعید اوسط آواز کے مالک ہیں، اُنہوں نے فرحان سعید کی آواز اور گائیکی پر بہت محنت کی تھی اور اُن کی وجہ سے ہی فرحان سعید آج موسیقی کی دنیا میں ہیرو بنے ہیں۔
گوہر ممتاز کے اس انٹرویو کے بعد فرحان سعید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے حالیہ مختلف کنسرٹ کی ویڈیو کلپس پوسٹ کیں۔ فرحان سعید کی جانب سے پوسٹ کی گئیں ویڈیو کلپس پاکستان کے 9 مختلف شہروں میں ہونے والے گلوکار کے کنسرٹس کی ہیں جن میں کنسرٹ کے شرکاء کو گلوکار کے ساتھ گانے گاتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔
یہ ویڈیو کلپس پوسٹ کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ ’یہ میری اوسط زندگی ہے، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں‘۔
View this post on Instagram
فرحان سعید کی جانب سے پوسٹ شیئر کرنے کی دیر تھی کہ گلوکار گوہر ممتاز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں فرحان سعید کی وہی پوسٹ شیئر کرکے اُس کے ساتھ طویل نوٹ لکھا۔
گوہر ممتاز نے کہا کہ تو میرے بھائی فرحان نے یہ کلپ ایک زبردست کیپشن کے ساتھ پوسٹ کیا ہے، آپ میرے چھوٹے بھائی ہیں لیکن پھر بھی میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایک دوست اور بھائی کے طور پر آپ کی عزت کرتا ہوں اور میں پوری ایمانداری سے بات کرتا ہوں۔
گلوکار نے اپنی حالیہ انٹرویو پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک انٹرویو کے دوران، جب مجھ سے یہ پوچھا گیا کہ ’جل‘ بینڈ میں جس بھی ’وکلسٹ‘ (مرکزی گلوکار) کو ہائیر کیا گیا، اُس نے وہ بینڈ کیوں چھوڑا؟ تو میں نے اس سوال کا جواب پوری ایمانداری کے ساتھ دیا، میری نیت غلط نہیں تھی۔
اُنہوں نے فرحان سعید سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ میں نے آپ کو عاطف اسلم کی جگہ ’عادت‘ گانے کے لیے ’جل‘ بینڈ میں رکھا تھا لیکن آپ کو اُس وقت گائیکی اور سُروں پر مہارت حاصل نہیں تھی۔
گوہر ممتاز نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ آپ نے یہ ویڈیو کلپس شو آف کرنے کے لیے اپ لوڈ کی ہیں لیکن کسی کو یہ بتانا چاہیے تھے کہ آپ ان ویڈیو کلپس میں بھی سُروں میں نہیں ہیں، مجھے آپ کے مداحوں اور آپ سے پیار ہے۔
واضح رہے کہ ‘جل’ بینڈ 2002 میں بنایا گیا تھا، گوہر ممتاز کے ساتھ عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی اس معروف بینڈ کا حصہ تھے لیکن عاطف اسلم نے یہ بینڈ چھوڑ دیا تھا۔
عاطف اسلم کی بینڈ سے علیحدگی کے بعد فرحان سعید اس کے مرکزی گلوکار بن گئے تھے لیکن بعد ازاں انہوں ںے بھی ‘جل’ بینڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔