ذاتیات کی بات ہوگی تو بہت دُور تک جائے گی، شہباز شریف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بات اگر ذاتیات کی ہوگی تو پھر بہت دُور تک جائے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں محمود خان اچکزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر ایاز صادق سے درخواست کی کہ ان کے الفاظ حذف کردیں، میں محمود خان اچکزئی کا احترام کرتا ہوں، لیکن بات اگر ذاتیات کی ہوگی تو بہت دُور تک جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ذاتیات پر بات نہ کریں۔ قبل ازیں محمود خان اچکزئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے آئین نے ہم سب کو جوڑ رکھا ہے، ہم اس کی پاسداری اور حفاظت کا حلف لیتے ہیں۔پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنے کی پاداش میں میرے گھر پر حملہ ہوا۔ میں نے کوئی جذباتی تقریر کرنی ہے نہ کسی کو بے عزت کرنا ہے۔ ہمارے گھر پر 15 سال سے لڑائی ٹھونس دی، ہمارے 200 افراد مرے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو کوئی ایک جماعت نہیں چلا سکتی۔ ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات حاصل کرنی ہے تو سب کو مل بیٹھ کر دیکھنا ہوگا۔
دوران اجلاس بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج صبح مجھے معلوم ہوا کہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا ہے، اس بات کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے اپیل کرتاہ وں کہ وہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کا نوٹس لیں۔