مریم نواز کی ہدایت پر ’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘ پروجیکٹ شروع


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘ پروجیکٹ شروع کردیا گیا۔لاہور میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب بھر کی سڑکوں کی حالت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں روڈ رائٹ ایپ کے ذریعے 7 ہزار 948 کلو میٹر روڈز سروے مکمل کر لیا، 2 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا سروے پروفائلو میٹر کے ذریعے کیا گیا جبکہ خود کار سروے میں 100 مقررہ پیرامیٹر کے ذریعے روڈز کی حالت کا تعین کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کےلیے ڈیڈ لائن دے دی اور ہدایت کی کہ نئی اور پرانی سڑکوں پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کےلیے روڈ پر الیکٹرک کانٹا نصب کرنے کی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے صوبے بھر میں زیر تکمیل روڈز کے منصوبے مکمل کرنے کا حکم دیا اور پنجاب بھر کے روڈ برج پر رپورٹ طلب کی اور کہا کہ روڈ برج کی تعمیر و بحالی کےلیے سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے 6 ماہ میں صوبے کی 153 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا ہدف دیا اور حکم دیا کہ 5 اہم رابطہ سڑکوں پر ایکسپریس وے بنایا جائے۔
اجلاس میں ملتان، وہاڑی روڈز سمیت دیگر سڑکیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں کوئی سڑک ٹوٹی پھوٹی نہ رہے، مرکزی رابطہ سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی جلد چاہتے ہیں لیکن معیار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔