وزیراعظم گوادر پہنچ گئے، بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ


گوادر(قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دورے پر بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر پہنچ گئے۔ انہوں نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی.
وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی.
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لئے نظام وضع کیا جائے ، متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے، حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے، متاثرین کے ریسکیو و مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔