کراچی: رامسوامی کی عمارت گرانے کا حکم معطل


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے رامسوامی میں عمارت گرانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد معطل کر دیا۔عدالتِ عالیہ کے جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مکینوں کی فریق بننے کی درخواست منظور کر لی۔
جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے رامسوامی میں 6 منزلہ عمارت غیر قانونی قرار دی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امیر حمزہ آرکیڈ کے مکینوں کا مؤقف نہیں سنا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عمارت گرائی گئی تو مکینوں کی جمع پونجی تباہ ہوجائے گی۔ عدالتِ عالیہ نے عمارت گرانے کا حکم معطل کرتے ہوئے سماعت اپریل کے دوسرے ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔