ایکس کی بندش ؛ توہینِ عدالت کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی اے کو نوٹس


کراچی(قدرت روزنامہ) ملک میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش پر توہین عدالت کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی اے کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست پر چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے آبزرویشن دی کہ پی ٹی اے نے ایکس کی بندش سے متعلق کوئی معقول جواز پیش نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خود کو بے نقاب کررہے ہیں۔ عدالت نے ایکس کی بحالی سے متعلق جاری حکم امتناع میں توسیع کردی۔
عدالت نے احکامات وفاقی حکومت، پی ٹی اے سمیت دیگر کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا۔ تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی اے کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل وزارت داخلہ، پی ٹی اے کو جواب جمع کرانے حکم دیدیا۔
واضح رہے کہ ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش سے متعلق دائر درخواست میں درخواستگزار نے موقف اپنایا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ایکس کی سروس بحال نہیں کی جارہی۔