انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ، اوپن مارکیٹ میں نرخ گرگئے
کراچی(قدرت روزنامہ) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کی گئی۔ سیاسی کشیدگی برقرار رہنے، اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں کے اعلانات، ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 260ملین ڈالر کے قرضوں کی معطلی، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل سے درآمدی بل بڑھنے جیسے عوامل کے باعث بدھ کو بھی انٹربینک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے دباؤ اور سرمایہ کاروں کی معاشی مستقبل سے متعلق اضطراب کے علاوہ مقامی سطح پر ڈالر کے مستقبل کے سودے مہنگے ہونے کے اثرات بھی انٹربینک مارکیٹ پر مرتب ہوئے ہیں۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 04پیسے کے اضافے سے 279روپے 35پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 282روپے کی سطح پر بند ہوئی۔